سی آئی اے کا شکیل آفریدی کو فرار کرانے کا منصوبہ آئی ایس آئی نے ناکام بنا دیا

سینٹرل جیل پشاور میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی موجودگی سے سیکیورٹی خدشات تھے جس کے باعث نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا

منگل 1 مئی 2018 14:03

سی آئی اے کا شکیل آفریدی کو فرار کرانے کا منصوبہ آئی ایس آئی نے ..
نیویار ک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) امریکی خفیہ ایجنسی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی ای) کا ڈاکٹر شکیل آفریدی کو فرار کرانے کا منصوبہ آئی ایس آئی نے ناکام بنا دیا۔ روسی میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سی آئی اے کے ایک مقامی مخبر نے پشاور جیل توڑ کر ڈاکٹر شکیل آفریدی کے فرار کے منصوبے کی اطلاع دی جس کے ذریعے سی آئی اے اس کام کو مکمل کرنا چاہتی تھی۔

رپورٹ کے مطابق بروقت اطلاع ملنے پر آئی ایس آئی نے کارروائی کرتے ہوئے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کو باقاعدہ شکیل آفریدی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حوالگی کی بھی پیشکش کی گئی تھی جسے پاکستان نے قومی مفادات اور قومی امیج کیلئے اس پیشکش کو بھی ماننے سے انکار کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل پشاور میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی موجودگی سے سیکیورٹی خدشات تھے جس کے باعث انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں عالمی دہشت گرد قرار دی گئی تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی امریکا کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ان پر اسامہ بن لادن کا سراغ لگانے میں امریکا کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔بعدازاں 2012 میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو خیبر ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کی جانب سے کالعدم تنظیموں سے رابطوں اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں 33 سال قید کی سزا سنائی گئی جس کے بعد سے وہ سینٹرل جیل پشاور میں قید تھے۔