نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈیسپیچ کمپنی کی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرگئیں ‘ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 مئی 2018 14:01

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈیسپیچ کمپنی کی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرگئیں ‘ملک ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم مئی۔2018ء) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی اہم ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ملک میں بجلی کا بڑا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ٹرانسمیشن لائن کے ٹرپ ہونے کے باعث سسٹم سے 5 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔

اس کے علاوہ پنجاب میں حویلی بہادر شاہ، بلوکی اور بھکی میں موجود 3600 میگا واٹ کے 3 ایل این جی پاور پلانٹس بھی بند ہوگئے، جس کے باعث ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں کمی اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا۔شارٹ فال میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ فیڈرز پر بھی 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں صورتحال معمول پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے، 1200 میگاواٹ کے چشمہ پاور پلانٹ کے بند ہونے والے 4 یونٹس میں سے 2 کو رات تک بحال کردیا جائے گا، جس کے باعث سسٹم میں بجلی واپس آجائے گی۔

تاہم پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ باقی 2 پاور پلانٹس کی مکمل بحالی میں کچھ وقت درکار ہوگا لیکن تمام معاملے کی نگرانی کی جارہی ہے اور بجلی کے شارٹ فال کو دور کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔