فلسطینی ٹرمپ کی تجاویز تسلیم کریںیا اپنا منہ بند رکھیں-سعودی ولی عہد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 مئی 2018 14:05

فلسطینی ٹرمپ کی تجاویز تسلیم کریںیا اپنا منہ بند رکھیں-سعودی ولی عہد
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم مئی۔2018ء) اسرائیل کے نشریاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے نیویارک میں یہودی اداروں کے سربراہان کے ساتھ ایک ملاقات میں فلسطینی راہنماﺅں پر شدید تنقید کی ۔اسرائیلی ٹی وی کے دعوے کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہاکہ فلسطینی ٹرمپ کی تجاویز تسلیم کریںیا اپنا منہ بند رکھیں ، گزشتہ دہائیوں کے دوران فلسطینی راہنماﺅں نے یکے بعد دیگرے امن کے کئی مواقع گنوادیے ، وقت آگیا ہے کہ ٹرمپ کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آئیں۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے چینل ٹین سے وابستہ رپورٹر بارک راوید کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے 27مارچ کو نیویارک میں یہودی اداروں کے سربراہان سے بند دروازوں کے پیچھے کی، ایک ملاقات کے دوران اسرائیلی صدر محمود عباس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ فلسطینی صدر ٹرمپ کی امن سے متعلق تجاویز قبول کریں یا اپنا منہ بند رکھیں۔

(جاری ہے)

راوید کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان (جنہیں ایم بی ایس بھی کہا جاتا ہے) کے بیانات کی تصدیق نیویارک سے اسرائیلی وزارت خارجہ کو بھیجی گئی ایک کیبل کے علاوہ تین دیگر ذرائع نے بھی کی تھی۔ان ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان نے یہودی راہنماﺅں سے ملاقات کے دوران کہا گزشتہ دہائیوں کے دوران فلسطینی راہنماﺅں نے یکے بعد دیگرے امن کے کئی مواقع گنوائے ہیں۔

اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی (صدر ٹرمپ کی پیش کردہ) تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آئیں یا پھر وہ اپنا منہ بند رکھیں اور شکایت کرنا بند کریں۔ایم بی ایس سے منسوب اس مبینہ بیان کو اسرائیل کے علاوہ غیر ملکی میڈیا نے بھی شائع کیا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی شہزادہ سلمان سے وابستہ اس بیان کے حوالے سے ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

اسرائیلی اور اسرائیل سے ہمدردی رکھنے والے صارفین اس پیش رفت کی تعریف کر رہے ہیں جب کہ فلسطین اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین کی جانب سے شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔سعودی عرب میں گزشتہ روز اردن سے تعلق رکھنے والے دو افراد کے خلاف اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں مقدمے کی سماعت شروع کی گئی ہے۔