مقبوضہ کشمیر میں تین نوجوانوں کی شہادت پر مکمل ہڑتال

ادی کشمیر کے تمام اضلاع میں دکانیں اور کاروباری مراکز بندجبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ،احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں فوج اور پولیس اہلکار تعینات

منگل 1 مئی 2018 15:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی اور احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کے دوران تین نوجوانوں کی شہادت پرمکمل ہڑتال کیگئی۔ میڈیا رپو رٹ کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی ۔ بھارتی فوجیوں نے سمیر احمد بٹ ،عاقب مشتاق اور ایک کرکٹ سٹار شاہد اشرف ڈار کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں شہید کیا تھا۔

بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے درجنوں مظاہرین زخمی بھی ہوئے تھے۔ سرینگر سمیت وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں دکانیں اور کاروباری مراکز بندجبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطلرہی ۔کشمیر یونیورسٹی نے منگل کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے ۔

(جاری ہے)

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ اور جموں خطے کے قصبے بانہال کے درمیان ٹرین سروس جبکہ پورے کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی ہیں۔

سرینگر اور جنوبی کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیںجبکہ بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سرینگر کے علاقوں رعناواری، خانیار، نوہٹہ ، مہاراج گنج ، صفا کدل، مائسمہ اور کرالہ کھڈ میں خاص طور پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔