مقبوضہ کشمیر: نوجوان کرکٹ سٹار کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

میت کو دفنانے کے لیے لے جانے پر درجنوں خواتین بے ہوش

منگل 1 مئی 2018 15:25

مقبوضہ کشمیر: نوجوان کرکٹ سٹار کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں نوجوان کرکٹ سٹارشاہد اشرف ڈار کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ہے جن کوبھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد اشرف ڈار علاقے میں ایک مایہ ناز کرکٹر کے طورپر مشہور تھا جس نے اپنی ٹیم کو کئی ٹونامنٹوں میں فتح دلائی۔

لوگوں کی بڑی تعداد نے اس کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلندکئے۔ ضلع پلوامہ کے علاقے آری ہل کی جامع مسجد کے صحن میںلوگ جمع ہوئے جہاں شہید نوجوان کی میت رکھی گئی تھی۔ لوگوںکی کثیر تعداد کی وجہ سے میت کو مسجد کی چھت پر رکھا گیا۔ اس موقع پر جذبانی مناظر دیکھنے کو ملے جبکہ شاہد کی میت کو دفنانے کے لیے لے جانے پر درجنوں خواتین بے ہوش ہوئیں۔

(جاری ہے)

کئی آزاد پسند اور مذہبی رہنمائوں نے لوگوں سے خطاب کیا۔ شاہد کی نمازجنازہ پانچ مرتبہ ادا کی گئی اور اس کو آزادی اور اسلام کے حق میں نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ شاہد کے ماموں مظفر احمد بٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ شاہددو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ ایک ہمسایے کا کہنا ہے کہ شاہد کو پولیس نے گرشتہ موسم سرما میں گرفتارکرکے ایک ماہ تک نظربند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں برہان وانی کی شہادت کے بعد پولیس نے شاہد کو درجنوں دفعہ گرفتار کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے انہیں نشانہ بناکر گولیاں چلائیں اور اس کے پیٹ میں تین گولیاں لگی تھیں۔