30 ویں سالگرہ پر انوشکا کا جانوروں کیلئے شیلٹر ہوم بنانے کا اعلان

منگل 1 مئی 2018 15:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے اپنی 30 ویں سالگرہ منا ئی۔اس موقع پر انوشکا شرما نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ وہ ممبئی میں جانوروں کے لیے ایک پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) بنا رہی ہیں جہاں ان کی دیکھ بھال کی جاسکے گی۔انوشکا نے اپنے پیغام میں کہا کہ جس طرح انسانوں کے حقوق ہوتے ہیں ویسے ہی جانوروں کے بھی حقوق ہوتے ہیں لہذا ہمیں ان کا بھی سوچنا چاہیے اور ان کا خیال بھی رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اداکارہ کے مطابق یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی خدمت اور دیکھ بھال کریں اور گلیوں میں پلنے والے جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کریں۔انوشکا کا کہنا تھاکہ میرا خواب تھا کہ میں اپنے جاندار ساتھیوں کیلئے کچھ کروں جو آج پورا ہوگیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کام میں سب مجھے سپورٹ کریں گے۔انوشکا نے دلائی لامہ کا قول تحریر کیا کہ جانوروں کی دیکھ بھال کرو اور دنیا کو بہتر جگہ بناؤ ،ْ دوسری جانب ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا کو انسٹاگرام پر سالگرہ کی مبارک باد پیش کی اور ایک سیلفی شیئر کی، جس میں وہ انوشکا کو کیک کھلاتے نظر آئے۔