ایم کیو ایم کے پاس آج وہ طاقت نہیں کہ کراچی کو یرغمال بناسکے، سعید غنی

ماضی میں ایم کیو ایم نے کراچی کے تاجروں کو دھمکی دی تھی کہ پیپلزپارٹی نے حکومت میں شامل نہ کیا تو کاروبار نہیں کرنے دیں گے،رہنماپیپلزپارٹی

منگل 1 مئی 2018 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمااور سندھ کے وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی میں ایم کیو ایم کے ایک اور علاقے میں بڑا جلسہ کرے گی، ایم کیو ایم کے پاس آج وہ طاقت نہیں کہ کراچی کو یرغمال بناسکے۔خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم نے کراچی کے تاجروں کو دھمکی دی تھی کہ پیپلزپارٹی نے حکومت میں شامل نہ کیا تو کاروبار نہیں کرنے دیں گے، پیپلزپارٹی نے دہشت کہہ دیں یا امن کی خاطر ایم کیو ایم کو حکومت میں شامل کیا۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں اچھے افسران کی شہادت پر پولیس کارروائی سے انکاری تھی، کراچی کا امن خراب تھا پولیس کارروائی نہیں کرتی تھی کیونکہ اوپر مشرف بیٹھے تھے، ایم کیوایم اس وقت خود بحرانی کیفیت سے گزر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے عروج پر لیاقت آباد کے لوگ کبھی کھل کر سامنے نہیں آئے تھے، ٹنگی گرائونڈ جلسے کے بعد پیپلزپارٹی کراچی میں ایم کیو ایم کے ایک اور علاقے میں جلسہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نچلی سطح تک تنظیم نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی اوپر نہیں آتی، جلسہ جماعت اسلامی یا دیگر جماعتیں بھی بہت بڑا کر لیتی ہیں، عملی طور پر پی ٹی آئی انتخابی نتائج کے بعد سامنے نہیں آتی۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کا رویہ سب کے سامنے ہیں، ان رویوں کے باوجود بھی پیپلزپارٹی کھڑی رہی، پیپلزپارٹی کو بھی کھلا میدان ملے تو ان سے اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔