ایرانی پارلیمنٹ میں یہودیوں کی نمائندگی کرنے والے رکن کی شامی صدرسے ملاقات

ایرانی وفد میں شامل بعض ارکان کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز،آرمینیائی فرقے کے ترجمان کی بھی آمد

منگل مئی 15:50

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2018ء) ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی کمیٹی کے سربراہ علائو الدین بروجردی کے زیر قیادت ایک وفد نے دمشق میں شامی صدر بشار الاسد،، شامی وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کی ہے ۔ شامی حکومت کے زیر انتظام میڈیا نے ایرانی وفد میں شامل بعض ارکان کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا۔

مذکورہ ذرائع ابلاغ نے بشار الاسد سے ملاقات کرنے والے ایرانی وفد میں شامل ارکان کے صرف نام ذکر کرنے پر اکتفا کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران یہ نہیں بتایا گیا کہ وفد میں ایرانی پارلیمنٹ میں یہودیوں کی نمائندگی کرنے والا رکن سیامک مرہ صدق بھی شامل ہے۔دوسری جانب شامی پارلیمنٹ کے ایک رکن نبیل صالح نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بتایا کہ ایران میںمذہبی رواداری سامنے آ رہی ہے اور اس حوالے سے بروجردی اپنے ہمراہ وفد میں یہودی فرقے اور آرمینیائی فرقے کے ترجمان کو ساتھ لے کر دمشق آئے۔

یہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب ایک طرف امریکا تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کو منسوخ کرنے کی دھمکی دے رہا ہے اور دوسری طرف شام کی سرزمین پر اسرائیل اور ایران کے درمیان عسکری تصادم کے امکان کا منظرنامہ سامنے آ رہا ہے۔