معیاری تعلیم ہی عصر حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے،ضلع ناظم ہنگو

منگل 1 مئی 2018 16:00

ہنگو۔یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) معیاری تعلیم ہی عصر حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے،نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے پرائیویٹ تعلیمی ادارے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ان خیا لات کا اظہار ضلع ناظم ھنگو مفتی عبید اللہ،گورنمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر ظفراللہ،پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے ضلعی صدر سمیع الدین بنگش،جنرل سیکرٹری عامر مدثر آفریدی، فاروق بنگش اور دیگر نے گرین لینڈ پبلک ہائی سکول ٹل روڈ ھنگو میں منعقدہ سالانہ تقریب برائے تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر تقریب کے شرکا ء میں ماہرین تعلیم،علماء اکرام،بلدیاتی نمائیندگان ،والدین اور طلبا ء شامل تھے۔تقریب میں طلباء اور طالبات نے ٹیبلو،تقاریر ملی نغمے،خاکے اور دیگر پروگراموں میں حیران کن پرفارمنس دیکر شرکاء سے داد سمیٹی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مفتی عبید اللہ،پروفیسر ظفراللہ و دیگرنے کہا کہ پرائیویٹ ایجو کیشن نیٹ ورک نئی نسل کی درست سمت رہنمائی،معیار تعلیم کی بلندی اور شرح خواندگی بڑھانے میں لائق ستائش خدمات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم وقت کی ضرورت ہے اور تعلیم کا مقصد بہترین کردار و اخلاق سے مزین نئی نسل کی تیاری ہونا چاہیے۔مفتی عبید اللہ نے کہا کہ نقل بوٹی مافیا سفارش اور دیگر ناجائز ذرائع کو امتحانی عمل سے دور رکھنے کے لیے بھی پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پرنسپل سمیع الدین بنگش اور پرائیویٹ ایجو کیشن نیٹ ورک کے جنرل سکرٹری عامر مدثر آفریدی نے کہا کہ گرین لینڈ ہائی سکول ھنگو میں منفرد حیثیت رکھتا ہے جہاں سے فارغ التحصیل طلبا زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس مار پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی خدمات کا اعتراف کرنے میں تنگ نظری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔اس موقع پر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں اچھی کارکردگی کے حامل طلباء و طالبات میں مفتی عبید اللہ،عامر مدثر آفریدی،سمیع الدین بنگش اور دیگر شخصیات نے انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :