کراچی،نہرخیام کی بدحالی،علاقے میں تعفن، خواتین سمیت مکینوں کا احتجاج

اس نالے کو بعض عناصر درست کرنا نہیں چاہتے،نہرخیام میں اب پانی کی جگہ گندگی کے ڈھیر نظر آتے ہیں، سول سوسائٹی

منگل 1 مئی 2018 16:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) پوش علاقوں کے مکین بھی نہرخیام کی بدحالی اور اس میں موجود گندگی سے پھیلنے والی بدبو سے گھبرا کر اپنے گھروں سے احتجاج کیلئے باہر نکل آئے۔کلفٹن بلاک 5میں بوٹ بیسن کے قریب نہر خیام کلفٹن کنٹونمنٹ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی غفلت کے سبب بدحالی سے دوچار ہے ،نہرخیام میں اب پانی کی جگہ گندگی کے ڈھیر نظر آتے ہیں جبکہ پورے علاقے میں بدبو پھیلی ہوئی ہے جس سے بیامریاں پھیلنے لگی ہیں۔

کلفٹن بلاک 5 کے رہائشی جن میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل تھی،مرکزی شاہرہ پر احتجاج کیلئے آگئیں انکے ہمراہ بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق حلیم،معروف بزنس لیڈرڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،سماجی رہنمامسزسیما ،شیخ شفقت الہی بھی مظاہرین میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرطارق حلیم نے بتایا کہ پہلے نہرخیام 180فٹ چوڑی تھی جو اب سکڑ کر90فٹ رہ گئی ہے۔

اس نالے کو بعض عناصر درست کرنا نہیں چاہتے لیکن علاقے کے رہائشی ایسا ہونے نہیں دینگے،اسی لئے فیڈریشن چیمبر آف کامرس نے بھی ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نالے میں آلودگی بڑھنے سے علاقے کے رہائشیوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ بدبو سے پورا علاقہ متعفن زدہ ہوگیا۔سابق چیف سیکریٹری سندھ اسلم سنجرانی نے کہا کہ ہمارا شہر برباد ہوا ہے اور شہر میں تمام اوپن اسپیس ختم کردیئے گئے ہیں،اگر نہرخیام کا نالہ صاف ہوجائے تو نہ صرف اس سے علاقہ خوبصورت ہوسکتا ہے بلکہ قبضہ مافیا کی دسترس سے بھی بچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اہم ترین آرکیٹیکٹ عبداللہ نے ایک بہترین پلان تیار کیا ہے اس لئے حکومت سندھ بالخصوص وزیراعلیٰ سندھ یہ کام فرض سمجھ کر کریں اور چیف جسٹس پاکستان سے بھی ہماری فریاد ہے کہ وہ اس جانب ایکشن لیں۔مسز سیما نے سلوگن دیا کہ "ظالما بوٹ بیسن صاف کرادی" اور کہا کہ اتنے خوبصورت علاقے کی حالت بدتر بنادی گئی ہے،اگر صفائی کے ادارے اپنا کام دیانتداری سے کریں تو اس نالے کی حالت بہتر ہوسکتی ہے۔صدر پبلک انٹرسٹ لاء ایسوسی ایشن آف پاکستان خیام حسین نے کہا کہ آلودگی اتنی بڑھ چکی ہے کہ بلاک 5میں ہر فرد متاثر ہے ۔اس موقع پر خواتین نعرے لگاتی رہیں کہ "ظالما بوٹ بیسن صاف کرادے۔