رمضان المبارک 2018 سیکیورٹی / ٹریفک منصوبوں کی ترتیب میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو ترجیح دی جائے ،آئی جی سندھ

منگل 1 مئی 2018 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ تمام مساجد،امام بارگاہوں، مدارس اور نماز وتراویح کے دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں کا جائزہ لیکر پولیس رینج،ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر فول پروف سیکیورٹی /ٹریفک پلانز کی ترتیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ نظام کو بھی غیرمعمولی بنایا جاسکے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے سے قبل پاکستان رینجرز سندھ ،قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے تمام تر ضروری مشاورت اور تعاون جیسے امور کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کی ترتیب میں کرائم انالائسیز اور ملک کے دیگر صوبوں میں امن وامان کی صورتحال اور اس سے متعلق واقعات کو بھی سامنے رکھا جائے اوربعداذاں اس تناظر میں انتہائی حساس،حساس اور نارمل درجہ بندیوں پر مشتمل فول پروف سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کے تینوں عشروں بشمول یوم شہادت حضرت علیؓ،طاق راتوں/شب قدر کے موقع پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کے تحت تینوں عشروں میں پولیس کمانڈوز کو بھی خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں جبکہ تین روزہ ، پانچ روزہ ،دس روزہ اور پندرہ روزہ تراویح کے مقامات پر متعلقہ ایس ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز کی نگرانی کے تحت ناصرف فول پروف سیکیورٹی بلکہ منتظمین کی معاونت سے کڑی نگاہ رکھنے جیسے اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ٹیکنیکل سوئپنگ،کلیئرنس،ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن شیئرنگ،رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ،پیٹرولنگ ،ناکہ بندی ،سرچنگ ،نمایاں پولیس ڈپلائمنٹ ،پولیس آپریشنز میں تیزی سمیت مفروراشتہاری ملزمان /مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں جیسے جملہ امور کو رمضان المبارک سیکیورٹی پلان کی حکمت عملی اور لائحہ عمل میں باالخصوص فوقیت دی جائے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ رمضان المبارک سیکیورٹی پلان میں صوبے کے تمام اہم سرکاری نیم سرکاری دفاتر ،عمارتوں ،حساس تنصیبات،قونصل خانوں ،اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات ،تمام پبلک مقامات وغیرہ پر سیکیورٹی تفصیلات کا بھی احاطہ کیا جائے علاوہ اذیں پولیس افسران اور جوانوں کو سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ سمیت جملہ سیکیورٹی اقدامات میں شہریوں کے ہرممکن تعاون جیسے امور کو بھی پلان کا حصہ بنایا جائے ۔

علاوہ اذیں آئی جی سندھ نے مذید کہا کہ ٹریفک پلان کی ترتیب میں بھی تمام اسٹیک ہولڈرز،ٹرانسپورٹ برادری اور انکی دیگر نمائندہ تنظیموں سے شیڈول اجلاس کو ممکن بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی اور سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بناکر رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کوبلاکسی بلاتعطل رواں دواں رکھا جاسکے ۔