عالمی یوم مزدور کے موقع پر وطن عزیز کے بلند ہمت محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں ،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

منگل 1 مئی 2018 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) عالمی یوم مزدور کے موقع پر وطن عزیز کے بلند ہمت محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں پاکستان میں ہر دور کے حکمرانوں نے مزدوروں کااستحصال کیا ہے۔ جمہوریت کے نام پر جمہور کی تضحیک کرنے والوں نے مزدور تو کیا عوام کو بھی اپنے پاوں کی جوتی سمجھ رکھا ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا اُن کا کہناتھا کہ پاکستان کے تمام سیاسی اشرافیہ مزدوروں کے نام پر سیاسی کھیل کھیلتے رہے اور مزدور ہر دور میں دو وقت کی روٹی کو ترستے رہے حیرت ہے کہ عوام اور مزدوروں کے نام پر حکومتیں حاصل کرنے والی طاقتیں بھی مزدور کے نام پر مزدور کا ہی استحصال کرتی ہیںان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستانی عوام اس فرسودہ اور دو خاندانوں کی حکمرانی والے نظام کیخلاف اُٹھ کھڑے نہیں ہونگے اس استحصالی نظام میں عوام اور مزدوروں کے حقوق پامال ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

معاشرے کے تمام کمزور افراد کی بلا تفریقِ نسل و مذہب خدمت مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی منشور کا حصہ ہے،اور اس پر عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، مزدور کی ضروریات کو پورا کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے ،ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے لئے سبسڈی کیساتھ راشن کا نظام دوبارہ سے مرتب کی جائے ، سوشل سیکورٹی سسٹم کا بجٹ بڑھایا جائے اور اس نظام سے صرف آجر کو فائدے نہ پہنچائے جائیں، کم سے کم ماہانہ اور روزانہ مزدوری کی سطح کو دو گنا کیا جائے ، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے موثر قوانین بنائے جائیں اور مانیٹرنگ کا فعال نظام بنایا جائے ۔