ضلعی انتظامیہ سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنائے گی،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

منگل 1 مئی 2018 16:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنرکوہاٹ خالد الیاس نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کٹہ کانڑی اور لوخاڑی میں تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران 28ہزار9سوکنال میں سے اب تک 20ہزار1سو58 کنال سرکاری اراضی واگزار کراچکی ہے جبکہ باقی ماندہ 8ہزار7سو42کنال اراضی کا قبضہ بھی ریونیو ریکارڈ کے مطابق بتدریج حاصل کیا جارہاہے اور انشاء اللہ یہ عمل بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔

انہوںنے اس بڑی کامیابی پر محکمہ جنگلات اور ریونیو کو شاباش دی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج واگزار کرائی گئی 253کنال ا راضی پر شجرکاری کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر، ریجنل انفارمیشن آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محکمہ جنگلات کی لوخاڑی اور کٹہ کانڑی کے علاقوں میں کل 28900کنال اراضی ہے جوکہ 1963 میںاس وقت کے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے نواب آف ٹیری سے مبلغ 210736روپے میں خریدی تھی جس پرعرصہ دراز سے مقامی لوگوں کا قبضہ تھا۔

واگزار کرائی گئی اراضی میںپہاڑی اور پلین ایریاز شامل ہیںمحکمہ جنگلات نے سونامی بلین ٹری پروگرام کے تحت پہاڑیوں پر پہلے ہی سوئنگ شجرکاری کی ہے جبکہ ہموار علاقوں میں روایتی شجرکاری کی جارہی ہے۔محکمہ جنگلات نے گزشتہ دنوں 19ہزار9سو5کنال اراضی واگزار کرائی تھی جبکہ آج مزید 253کنال زیرکاشت اراضی واگزار کرالی اور اس پر ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی باقاعدہ طور پر شجرکاری کا آغاز بھی کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنرکوہاٹ کااس موقع پرکہنا تھاکہ ضلعی انتظامیہ ضلع بھر میں سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کا تحفظ یقینی بنائے گی اورتمام سرکاری اراضی کا ناجائزقبضہ چھڑانے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :