گورنرسندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر کامرس اینڈ ٹیکسٹائل پرویز ملک کی ملاقات

معاشی ، اقتصادی، ٹیکسٹائل اور کارمرس شعبوں کے فروغ ،نئی ٹیکسٹائل انڈسٹریز میں سرمایہ کاری سمیت دیگر امو ر پر تبادلہ خیال پاکستان قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے ، ٹیکسٹائل کے شعبہ کو فروغ دینے سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ، گورنرسندھ

منگل 1 مئی 2018 17:29

گورنرسندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر کامرس اینڈ ٹیکسٹائل پرویز ملک کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنر ہائو س میں وفاقی وزیر کامرس اینڈ ٹیکسٹائل پرویز ملک نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں معاشی ، اقتصادی ، ٹیکسٹائل اور کامرس کے شعبوں کے فروغ ، ٹیکسٹائل کے شعبہ کی حوصلہ افزائی کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، نئی ٹیکسٹائل انڈسٹریز میں سرمایہ کاری اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جو قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مواقعوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جائے اس ضمن میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں کام کرنے والوں اور سرمایہ کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکسٹائل کے شعبہ میں سرمایہ کی جانب راغب کرنے کے لئے بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت اہم ثابت ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے کاٹن کو جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید بہتر کیا جا سکتا ہے ، ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی سے ٹیکسٹائل کے شعبہ کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے اس ضمن میں وفاقی وزارت کامرس اینڈ ٹیکسٹائل کے اقدامات اہم ثابت ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں ، تاجروں اور کاروباری افراد کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ، بھرپور استعداد ، پرکشش افرادی قوت اور قدرتی وسائل کے باعث ہر ایک سرمایہ کار کی اولین ترجیح پاکستان میں سرمایہ کاری ہے اس ضمن میں پاکستان کے امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے روڈ شوز میں یہ بات واضح ہوئی کہ پاکستان کے اصل حقائق سے غیر ملکی سرمایہ کار، تاجر اور کاروباری افراد آگاہ نہیں ، امریکہ ، برطانیہ اور دبئی میں سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ انھیں آج تک پاکستان کے اصل حقائق کے بارے میں آگاہی نہیں دی گئی ، روڈ شوز کے بعد غیر ملکی سرمایہ کارپاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھر پور دلچسپی رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاٹن دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے ، ٹیکسٹائل انڈسٹری ایک زمانہ سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ فعال کردا ر ادا کررہی تھی موجودہ حکومت نے ایک بار پھر اس انڈسٹری کو دوبارہ فعال کرنے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ،ٹیکسٹائل انڈسٹری کا فروغ ، شعبہ میں سرمایہ کاری اور عالمی منڈی تک اس کی رسائی سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔

ملاقات میں وفاقی وزیر نے گورنرسندھ کو ٹیکسٹائل کے شعبہ کو مزید فروغ دینے ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس شعبہ کی جانب راغب کرنے اور ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار اس شعبہ کی جانب راغب ہو رہے ہیں جس سے بے روزگار ی اور غربت کے خاتمہ میں مدد بھی مل رہی ہے ۔