ْکے یو جے کی جانب سے افغانستان میں بم دھماکوں کے دوران صحافیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار

منگل 1 مئی 2018 17:46

کراچی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جی) کی جانب سے افغانستان میں بم دھماکوں کے دوران صحافیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر حسن عباس اور جنرل سیکرٹری عاجز جمالی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے قندھار اور خوست کے علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں اور ان واقعات میں دس صحافیوں فوٹو گرافرز اور کیمرہ مینوں کی شہادت کے واقعہ کو اندوہناک تصور کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان صحافیوں کے لئے مشکل ترین ملک ہے اور وہاں پیشہ ور صحافیوں کے لئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی مشکل ہوگئی ہے۔ کے یو جے صحافیوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج کرتی ہے اور شہید صحافیوں کے اہل خانہ اور افغانستان کی صحافی برادری سے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ کے یو جے صحافیوں کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جی) کا حصہ ہے۔ آئی ایف جے کی جانب سے دنیا بھر میں احتجاج کی کال پر غور ہو رہا ہے، کے یو جے کراچی میں افغانستان کے صحافیوں کے قتل کے خلاف احتجاج کرے گی۔