پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے ریلی کا انعقاد

منگل 1 مئی 2018 17:46

لاہور۔یکم مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن کی زیر صدارت مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے لاہور پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ، کے ڈی رانا، وحید عالمگیر، سہیل ملک، ملک احتشام، ذاہد ذوالفقار خان کے علاوہ لاہور اور پنجاب کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ پیپلز پارٹی کی مزدور تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی پی رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی لاہور مزدوروں کے عالمی دن پر ہر سال لاہور پریس کلب کے سامنے پرامن ریلی نکالتی ہے اور شکاگوکے شہداء کوخراج تحسین پیش کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادہی مزدوروں کے حقوق پررکھی گئی ہم نے ہردورمیں محنت کشوں کی حقوق کی جدوجہدکی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی مزدوروں کے حقوق کیلئے ہرحدتک جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری مزدوروں کے حقوق کیلئے جدوجہدکررہے ہیں۔ مزدوروں کوان کے حقوق ملنے تک یہ کوشش جاری رہے گی علاوہ ازیںسابق وفاقی وزیر مملکت انصاف و پارلیمانی امور مہرین انور راجہ نے کہا ہے کہ لیبر پالیسی کا اعلان سابق وزیر اعظم و بانی چیئر مین پی پی پی ذوالفقارعلی بھٹو کے دور میں کیا گیا ، ذوالفقارعلی بھٹو نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کاتحفظ کیا ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مزدروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے ،پیپلزپارٹی جب بھی برسراقتدار آئی اس نے مزدورں کے حقوق کا تحفظ کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محنت کشوں کے مسائل حل کئے اور انہیں معاشرے میں بہترین مقام دلانے کی کوشش کی ،ہماری جماعت غریبوں اور مزدوروں کی جماعت ہے ، محنت کش او ربے وسیلہ افراد پیپلزپارٹی کو ہی اپنی امید اور سہارا سمجھتے ہیں ، وہ اسی جماعت سے گہرا لگائو رکھتے ہیں،انہیں علم ہے کہ پیپلزپارٹی ہی ان کے مسائل حل کرے گی اور انہیں مشکلات سے نجات دلائے گی ، عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔