مزدور کو ان کے پسینے سے پہلے اجرت دینا تو دور کی بات لیکن انہیں پوری اجرت بھی نہیں دی جاتی ہے،علامہ راشدمحمودسومرو

ایم ایم اے اقتدار میں آکر مزدور کو ایک تولہ سونے کے برابراجرت دلوائے گی، صدر ایم ایم اے سندھ

منگل 1 مئی 2018 18:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدراور جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہاہے کہ محنت کشوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں،مزدور کو ان کے پسینے سے پہلے اجرت دینا تو دور کی بات لیکن انہیں پوری اجرت بھی نہیں دی جاتی ہے،ایم ایم اے اقتدار میں آکر مزدور کو ایک تولہ سونے کے برابراجرت دلوائے گی،حکمران سیاستدان حاگیردار سرمایہ دار محنت کشوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزدورڈے کے حوالے سے جاری کردہ بیان کیا۔علامہ راشدمحمودسومرو نے کہاکہ پاکستان میں 70 سالوں سے مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں دیئے گئے ہیں مزدور کا خاندان مشکلات کا شکار ہے مزدور کے بچے کے پاس تعلیم ہے اور نہ ہی صحت ومکان ہے۔

(جاری ہے)

حکومت ہر سال مزدورڈے کے موقع پر دن تو مناتی ہے لیکن مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں دیئے جاتے۔

انہوں نے کہاکہ خلیفہ اول حضرت ابوبکرصدیق ؓ مزدور جتنی تنخواہ لیتے تھے مگر آج مزدور ایک ٹائم روٹی کیلئے پریشان ہے جب ایم ایم اے کواقتدار ملا تو مزدور کو مکان، مفت تعلیم، صحت اور ایک تولہ سونے کے برابر اجرت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مزدور کی کم سے کم ایک ماہ کی اجرت 18 ہزار روپے مقرر کی ہے مگر اسے اس کی آدھی8000 ہزار بھی مشکل سے مل رہے ہیں تمام صنعتی ادارے فیکٹریاں کارخانے دکان بڑے لوگوں کے ہیں۔

سیاستدان حکمران جاگیردار سرمایہ دار مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدور ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس کی قدر کرنی ہوگی۔راشدمحمود سومرو نے کہا کے سندھ کے صنعتی اداروں ملٹی نیشنل کمپنیوں میں مقامی لوگوں کو روزگار دیا جائے مزدور اللہ تعالی کا دوست ہے۔