شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے واپڈاہائیڈرویونین کے زیراہتمام تقریب

منگل 1 مئی 2018 18:15

پشاور۔یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب بمقام عطاء لیبر ہال جی ٹی روڈ نشتر آباد پشاور میں زیر صدارت مرکزی چیئرمین گوہر تاج منعقد ہوئی تقریب میں صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال‘ سیکرٹری مستجاب مزدور اور ڈپٹی چیئرمین علی سید کے علاوہ دیگر عہدیداروں اور واپڈا کے سینکڑوں محنت کشوں نے شرکت کی بعد ازاں عطاء لیبر ہال سے ہشتنگری چوک تک ریلی بھی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حالیہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ جملہ ایڈھاک ریلیف کو بنیادی تنخواہوں میں ضم کرکے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور ملک بھر میں لیبر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اور ملک و قوم کی بہتر مفاد میں ملک بھر کے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو تحلیل کرکے ماضی کی طرح واپڈا میں ضم کیا جائے تاکہ واپڈا کے غیر ضروری اخراجات پر قابو پایا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ ادارہ پیسکو میں فیلڈ سٹاف سمیت مختلف کیٹگریز میں 70 فیصد آسامیاں خالی ہیں صارفین کی تعداد اور لینتھ آف لائن میں روز بروز اضافہ اور فیلڈ سٹاف کی کمی اور کام کی دبائو کی وجہ سے آئے روز لائن سٹاف حادثات بجلی میں لقمہ اجل بن رہے ہیں جس کی وجہ سے ادارہ پیسکو قیمتی سرمایہ سے محروم ہورہی ہے۔ اگر حکومت اور پیسکو انتظامیہ نے بروقت پیسکو میں 70 فیصد خالی آسامیوں پر بھرتی نہیں کی تو صوبہ بھر میں بجلی کی ترسیل روکنے سے گریز نہیں کریں گے۔