آئی سی سی کا 2021میں چیمپئنز ٹرافی کی بجائے ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا فیصلہ

فیصلے سے چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر ایک بار پھر سوالیہ نشان ثبت ہو گیا

منگل 1 مئی 2018 18:35

آئی سی سی کا 2021میں چیمپئنز ٹرافی کی بجائے ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ منعقد ..
کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مئی2018ء) آئی سی سی نے 2021 میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی جگہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر ایک بار پھر سوالیہ نشان ثبت ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق 2019 سے 2023 کیلئے نئے فیوچر ٹور پروگرام پر دستخط کر دیئے ہیں جس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ 2019 اور 2023 میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ، 2020 اور 2021 میں بیک ٹو بیک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی بورڈ نے 2021 میں بھارت میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو ختم کر کے اس کی جگہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ منعقد کرانے کا فیصلہ کر لیا، یہ دوسرا موقع ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بیک ٹو بیک کھیلا جائے گا، اس سے قبل 2009 اور 2010 میں بھی بیک ٹو بیک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ منعقد ہوئے تھے جبکہ یہ 2009 کے بعد تیسرا موقع ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی اور اس کے ممبرز ممالک نے متفقہ طور پر اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میچز سے زیادہ آمدن حاصل ہوتی ہے اور اسی وجہ سے ہم نے چیمپئنز ٹرافی کی جگہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رکھا ہے تاکہ ممبرز ممالک کو آئی سی سی کے ریوینیو میں سے زیادہ سے زیادہ حصہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ بہت مماثلت رکھتے تھے اور ان میں فرق کرنا ہمیشہ مشکل رہا ہے، ورلڈ گورننگ باڈی کی طرف سے 13 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے لیگ ایک بڑا اقدام ہے اور اس سے کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 2021 کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دوبارہ دو، دو برس بعد منعقد ہوا کرے گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آخری ایونٹ 2017 میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔