ٹرمپ نے یورپی یونین مصنوعات کی درآمدات پر اضافی محصولات کا فیصلہ یکم جون تک مؤخر کر دیا

منگل 1 مئی 2018 18:51

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مئی2018ء) امریکی صدرٹرمپ نے یورپی یونین سے المونیم اور فولاد کی مصنوعات کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا فیصلہ یکم جون تک مؤخر کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے المونیم اور فولاد کی مصنوعات کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اپنا فیصلہ یکم جون تک کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے اس امر کی تصدیق کر دی کہ یورپی یونین سے ایسی درآمدات پر محصولات عائد کیے جانے سے اب تک مؤثر استثنیٰ میں فی الحال توسیع کر دی گئی ہے۔ اس استثنیٰ کی مدت تیس اپریل اور یکم مئی کی درمیانی رات پوری ہونا تھی، جس کے پورا ہونے سے محض چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ نے اس میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ یورپی یونین کے ساتھ ساتھ امریکا کی ہمسایہ ریاستوں کینیڈا اور میکسیکو سے ایسی درآمدات پر محصولات کے حوالے سے استثنیٰ کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔