راولپنڈی سے کراچی جانے والا آئل ٹینکر فتح جنگ کے قریب الٹ گیا، ہزاروں لیٹر آئل ضائع

منگل مئی 18:55

فتح جنگ ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2018ء) راولپنڈی سے کراچی جانے والا آئل ٹینکر فتح جنگ کے علاقے قطبال کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گیا جس کے نتیجے میں ہزاروں لیٹر آئل بہہ گیا ۔ پٹرولنگ پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے کراچی جانے والا آئل ٹینکر نمبر TLG749فتح جنگ کے تھانہ نیو ائیر پورٹ کے علاقے قطبال کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث الٹ کر سڑک کنارے کھائی میں جا گرا۔

(جاری ہے)

پٹرولنگ پولیس حطار پوسٹ کے عملے نے بروقت پہنچ کر آئل ٹینکر کے ڈرائیور نوید اقبال ولد اشرف اور کلینر فرقان ولد نواب ساکنان کمڑیال تحصیل پنڈی گھیب کو بحفاظت نکال لیا ۔حادثے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔آئل ٹینکر میںہزاورں لیٹر تیل تھا ۔کھائی میں گرنے سے تیل سڑک کی بجائے کھائی میں بہہ گیا جس سے ٹریفک میں کوئی خلل نہیں پڑا۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے کسی کو بھی ٹینکر کے نزدیک جانے نہیں دیا۔ بتایا گیا ہے کہ آئل ٹینکر میں 53000لیٹر آئل تھا جو ضائع ہو گیا ہے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولنس جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا صورتحال کنٹرول میں ہے۔