آئندہ مالی سال کے بجٹ میں الیکشن کمیشن کیلئے 16 ارب روپے مختص

عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے 7 ارب 70 کروڑ فراہم کر دیئے ،باقی رقم بھی جلد ادا کر دی جائے گی ،وزارت خزانہ

منگل 1 مئی 2018 20:05

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں الیکشن کمیشن کیلئے 16 ارب روپے مختص
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے الیکشن کمیشن کو اگلے مالی سال کے بجٹ میں 16 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد اور تیاریوں کے لئے 28 ارب روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس میں 7 ارب 70 کروڑ روپے بیلٹ پیپرز سمیت الیکشن میٹریل کی خریداری اور سٹاف کی ٹریننگ کے لئے فراہم کئے جا چکے ہیں۔

وفاقی حکومت نے انتخابات کے انعقاد کے لئے اگلے مالی سال کے بجٹ میں 16 ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 28 ار ب روپے روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس میں 7 ارب 70 کروڑ روپے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے مطالبے کی باقی رقومات بھی جلد ہی ریلیز کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن و دیگر اخراجات کے لئے الیکشن بجٹ کے علاوہ 2 ارب 50 کروڑ روپے اگلے مالی سال کے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں جبکہ 4 ارب رروپے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لئے مختص کئے گئے ہیں جس میں 67 کروڑ 40 لاکھ روپے ملازمین کی تنخواہوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں اس رقم میں افسران کو تنخواہوں کی مد میں 28 کروڑ 87 لاکھ روپے جبکہ 38 کروڑ 53 لاکھ روپے چاروں صوبوں اور اسلام آباد سیکرٹریٹ و دیگرملازمین کی تنخواہوں کے لئے مختص ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے ملازمین کے لئے تنخواہوں کے علاوہ دیگر الاؤنسز کی مد میں 72 کروڑ 59 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں 54 کروڑ 50 لاکھ روپے ریگولر الاؤنسز اور 18 کروڑ روپے سفری اخراجات کے لئے مختص ہیں ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک ارب 5 کروڑ روپے آپریشنل اخراجات ، 4 کروڑ 70 لاکھ روپے الیکشن کمیشن کے اثاثوں کی حفاظت اور 2 کروڑ 10 الکھ روپے الیکشن کمیشن کے دفاتر کی مرمت اور بحالی کے لئے مختص کئے گئے ہیں ۔

مالی سال 2017-18 میں الیکشن کمیشن کے لئے ابتدائی طور پر 2 ارب 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے جس کے بعد نظرثانی شدہ بجٹ میں 8 ارب 99 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا جس پر وزارت خزانہ نے اگلے عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے 7 ارب 70 کروڑ روپے فراہم کر دیئے تھے جبکہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لئے مزید 3 ارب روپے فراہم کرنے کی بھی تیاری ہے ۔ ۔