وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان لائن آف کنٹرول پہنچ گئے

پیر جمال ، وٹالہ سیکٹر پر ہندوستانی افواج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہسے تعزیت ، زخمیوں کی عیادت کی

منگل 1 مئی 2018 20:54

بھمبر بنڈالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا لائن آف کنٹرول کا دورہ،وزیراعظم آزادکشمیر ایل او سی کے پیر جمال اور وٹالہ سیکٹر گئے اورہندوستانی افواج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی۔وزیر اعظم آزادکشمیر نی شہدا کے اہلخانہ، بیوہ بچوں سے بھی ملاقاتیں کیں, اس موقع پر وزیر اعظم نے شہدا کی لواحقین میں امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کیے۔

وزیراعظم کو دیکھ کر بڑی تعداد میں لوگ اکٹھے ہو گئے اور مسرت کا اظہار کیااس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والوں کے حوصلے ہمالیہ سے بھی بلند کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے،ایل او سی پر بسنے والے کشمیری پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کرینگے،پاک فوج ہماری محافظ اور اپنی فوج ہے دفاع وطن کیلیے کشمیری اس کے شانہ بشانہ ہیں۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے شہری بزدل ہندوستانی افواج سے ڈرنے والے نہیں،پاک سرزمین پر بھارتی فوج کے ناپاک قدم کسی صورت نہیں پڑنے دینگے،یل او سی پر عوام کا جذبہ اور حوصلہ ناقابل تسخیر ہے، ایل او سی پر بسنے والے غیور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں،لائن آف کنٹرول پردہشتگرد ہندوستانی افواج عورتوں بچوں کی ٹارگٹ کلنگ کررہی ہیں،سنائیپر گن سے معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانابھارتی فوج کا وطیرہ ہے،وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیریوں کے قاتل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے قابض افواج کو کشمیریوں کی نسل کشی کا لائسنس دے رکھا ہے ، آے روزکشمیریوں کو شہید کر دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں کو ہندوستانی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، عورتوں کی عصمت دری کی جارہی ہے۔ معصوم بچے بھی بھارتی درندگی سے محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی پالیسی ہے کہ کشمیریوں کی نسل کشی کر کے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب کم کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام بھارتی جبر و استبداد کے سامنے سینہ سپر ہیں ،انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نیتحریک آزادی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ رنگ لائیں گی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں نوجوانوں کی تحریک مزاحمت کے سامنے بے بس قابض بھارتی افواج اب لائن آف کنٹرول کے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم سے اقوام عالم کی توجہ ہٹا سکے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہندوستان کی قابض اور اخلاقیات سے عاری افواج جس سے معصوم شہریوں کو لائن اآف کنڑول پر نشانہ بنا رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پاک فوج نے کبھی دوسری جانب معصوم شہریوں کا نشانہ نہیں بنایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے وطن عزیز کے دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ،ایل او سی پر بسنے والوں کو ان کی دہلیز پر تمام سہولیات فراہم کرینگے۔ راٹھور