کسی بھی ملک، معاشرے میں مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، سیف اللہ خالد

مزدور کو خوشحال کیے بغیر ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔افسوس کی بات ہے کہ مزدوروں کے مسائل کے حل کی طرف کسی حکومت نے توجہ نہیں دی، صدر ملی مسلم لیگ

منگل 1 مئی 2018 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک، معاشرے میں مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ مزدور کو خوشحال کیے بغیر ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔افسوس کی بات ہے کہ مزدوروں کے مسائل کے حل کی طرف کسی حکومت نے توجہ نہیں دی۔ملی مسلم لیگ مزدوروں کا ان کا جائز مقام اور حق دلوائے گی۔

ملک کو خوشحالی کے راستے پر ڈالنے اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سودی نظام معیشت سے توبہ کی جائے اور آئی ایم ایف،ورلڈ بنک سے قرضوں کا سلسلہ ختم کر کے خود انحصاری کا باوقار رستہ اپنایا جائے۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر ڈے کے موقع پر اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے۔

(جاری ہے)

سیف اللہ خالد نے کہا کہ اسلام نے مزدور کی سماجی حیثیت، عزت اور مقام کو بلند کیا۔دین اسلام نے ہی مزدور کو وسیع اور جامع ترین حقوق دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آ ج صنعت کار تو ان بے بس مزدوروں کے بل بوتے پر دوسال کے بعد نئی فیکٹری لگا لیتا ہے جبکہ یہ مزدور آج بھی شام کو جب گھر لوٹتا ہے تو اٴْس کے پاس بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے آٹا نہیں ہوتا ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ دین اسلام کی روشنی میں مزدور کوحقوق ملنے چاہئے۔ان کی بنیادی ضروریات ٹرانسپورٹ، رہائش، بچوں کی تعلیم، صحت حادثات اور بیماریوں سے تحفظ کا مؤثر انتظام کیا جائے۔ سیف اللہ خالد نے کہا کہ ملی مسلم لیگ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ہم کرسی کے لالچ اور اقتدار کی حرص کے لیے میدان سیاست میں نہیں آئے بلکہ ہم خدمت کا جذبہ لے کر سیاست کے میدان میں آئے ہیں۔

آج اپنے اور بیگانے ہمیں برداشت نہیں کر پا رہے۔ آج تک ان ستر سالوں میں امریکا نے کسی پارٹی پر پابندی نہیں لگائی۔ وہ یہ سمجھتے ہیں اگر ہمیں روکا نہ گیا تو یہ پاکستان میں سیاست کے دھارے کو بدل دیں گے۔ ان کو معلوم ہے کی ان لوگوں کے سیاست میں آنے سے ہمیں اپنی سازشوں کے راستے نہیں ملیں گے۔ ملی مسلم لیگ نے اتحادکا فریضہ انجام دینا ہے اور پوری قوم کو متحد کر کے پاکستان کو ایک عظیم نا قابل تسخیر ریاست بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :