سرگودھا شہر میںکروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی گونج

سیاسی و ذاتی انتقام کا نشانہ بننے والے درجنوں علاقوں میںمسیحا کے منتظر مکین کسمپرسی کی تصویر بن کر رہ گئے

منگل 1 مئی 2018 21:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) سرگودھا شہر میں جہاںکروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی گونج ہے وہاں سیاسی و ذاتی انتقام کا نشانہ بننے والے درجنوں علاقوں میںمسیحا کے منتظر مکین کسمپرسی کی تصویر بن کر رہ گئے ہیں،منظور ٹائون، مجاہد کالونی،محبوب کالونی، گلشن جمال،سیٹلائٹ ٹائون، نیو سیٹلائٹ ٹائون، مقام حیات سمیت مختلف بلاکس میں جاری ترقیاتی کاموں میں اقرباپروری کے ساتھ ساتھ سیاسی نمائندوں نے ذاتی اور سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے ، ایک ہی علاقے کی کچھ گلیوں کی تعمیر اور سیوریج کا کام جاری ہے مگراسی علاقے کی بعض گلیاں نظر انداز کی جا رہی ہیں،اور باعث تشویش امر یہ ہے کہ مانیٹرنگ کے نام پر ترقیاتی کاموں کے اعداد و شمار تو حاصل کئے جاتے ہیں مگر لوگوں کی شکایات کے باوجود صورتحال دیکھ کر بھی ایسے معاملات کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے ،یہ بات بھی علم میں آئی ہے کہ تعمیراتی کاموں کی منظوری توحاصل کی جا چکی ہے مگر لیگی نمائندں کی جانب سے مبینہ طور پر فنڈز خرد بردکرنے یا معاملات کو طول دے کر سیاسی مخالفین کو زیر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،اور اس سلسلہ میں ڈویژنل و ضلعی افسران کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہے ہیں، متذکرہ علاقوں کے متاثرہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بعض یو سی چیئرمینوں اور ان کے اللو تللوں کی مداخلت سے نہ صرف ترقیاتی کاموں میں میرٹ سے ہٹ کر کام ہو رہا ہے بلکہ دانستہ نظر انداز کر کے ذاتی رنجشوں کے بھی بدلے چکائے جا رہے ہیں،اس سلسلہ میں ضلعی افسران کو درخواستیں بھی دیں مگر وہ برملا کہتے ہیں کہ سیاسی نمائندوں کی سکیمیں ہیں ہم مداخلت نہیں کر سکتے ، اس صورتحال میں جائیں تو کہاں جائیں، انہوں نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :