مزدور طبقے کا استحصال کرنیوالے ملک کے آئین اور شریعت کے منافی کام کررہے ہیں‘ثروت اعجاز قادری

ملک میں مزدوروں کے قوانین اور پالیسیوں کی موجودگی کے باوجود مزدور طبقہ انگنت مسائل کا شکار ہے ‘سربراہ سنی تحریک

منگل 1 مئی 2018 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ غریبوں ،مزدوروں ،کسانوں کا خون پسینہ چوسنے والے آمرانہ وغاصبانہ طرز پر گامزن ہیں ،حکمران یاد رکھیں مزدوروں ،کسانوں اور محنت کشوں سے معاشی ترقی جوڑی ہے ،مزدور طبقے کا استحصال کرنیوالے ملک کے آئین اور شریعت کے منافی کام کررہے ہیں ،اعلیٰ عدلیہ مزدوروں ،محنت کشوںکے حقوق کے استحصال کا فوری نوٹس لے۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ملک میں مزدوروں کے قوانین اور پالیسیوں کی موجودگی کے باوجود مزدور طبقہ انگنت مسائل کا شکار ہے ،سرمایہ دار طبقہ دھڑلے سے مزدوروں ،غریبوں اور کسانوں کا استحصال کررہا ہے ،یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ کسی بھی حکومت نے محنت کشوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے ۔

(جاری ہے)

غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہاہے ،مزدوروں کا استحصال کرنے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا ،حکمران اقتدار سے چمٹے رہنے کی پاداش میں عوامی مسائل سے منہ موڑے ہوئے ہیں ۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مالی ،سیاسی ،اخلاقی اور نظریاتی کرپشن کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجاسکتا، موجودہ حکومت غریبوں اور مزدوروں کو انکے بنیادی حقوق دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے،حکومت مزدوروں اور کم آمدنی والے افراد کیلئے مفت ہاوسنگ ا سکیم ،بلا سود قرضوں اور سرکاری نوکریوں کا اعلان کرے، بجٹ میں مزدوروں کی اجرت میںمہنگائی کے حساب سے اضافہ اور طبی سہولیات فراہم کی جائے۔

مزدور کی تنخواہ میں 1200یا1400ہزار رکھی گئی جو مزدور کے سے زیادتی ہے ،مزدور کی تنخواہ کم از کم 25ہزار روپے رکھی جائے، پاکستان سنی تحریک مزدوروں ،کسانوں ،محنت کشوں کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، دین اسلام نے مزدوروں ،کسانوں ،محنت کشوں کو حقوق فراہم کئے اس کی مثال دنیا کے کسی مذہب اور قانون میں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ صرف مزدور ڈے منانے سے محنت کشوں کے مسائل حل نہیں ہونگے ،محنت کشوں کے حقوق کیلئے ہرفورم پر آواز بلندکرنا ہوگی۔