مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وفاق اور پنجاب میں مزدوروں کے تحفظ کے لئے مراعاتی پیکیج دیئے ہیں،

سندھ حکومت کی ترجیحات مزدور نہیں امراء ہیں، مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ سندھ

منگل مئی 20:37

کراچی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان، ڈپٹی سیکرٹری صابر شاہ، ڈاکٹر اکرم ملک، ارشد شاہ اور محبوب الہی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے وفاق اور پنجاب میں مزدوروں کے تحفظ کے لئے مراعاتی پیکیج دیئے ہیں، سندھ حکومت کی ترجیحات مزدور نہیں امراء ہیں، صوبے میں مزدوروں کے لئے کسی پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور میں شامل ہے کہ پارٹی مزدور طبقے کے مسائل سب سے پہلے حل کرے گی، (ن) لیگ کی موجودہ حکومت نے وفاق اور پنجاب میں مزدوروں کے تحفظ کے لئے مختلف سہولیات اور مراعاتی پیکیج دیئے ہیں اور (ن) لیگ کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے کہ مزدوروں کے حقوق انہیں دیئے جائیں اور ان کے مسائل حل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تاجر دوست پالیسی کے باعث پاکستان میں صنعتیں فروغ پا رہی ہیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور مزدور طبقے کے لیے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور تحریک انصاف کی کے پی کے حکومت مزدوروں کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لیے زبانی دعوے تو کرتی ہے لیکن عملی طور پر مزدوروں کے مسائل کے حل کے لئے ان جماعتوں نے کچھ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مزدوروں کے لئے کوئی پیکیج نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ شکاگو کے مزدوروں کے شہداء کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اور آئندہ انتخابات میں (ن) دوبارہ برسراقتدار آکر مزدوروں کے مسائل حل کرے گی اور ان کے لئے جامع پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔