مسلم لیگ (ن) کی حکومت تیل کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کے لیئے ناقابل برداشت معاشی حالات پیداکررہی ہے، بلاول بھٹوزرداری

مسلم لیگ(ن)کی حکومت امیروں کی حکومت اور امیروں کے لیئے ہے اور اسی لیئے امیروں کے لیئے ایمنسٹی اسکیم کا اجرا ، چیئرمین پیپلزپارٹی

منگل 1 مئی 2018 20:42

مسلم لیگ (ن) کی حکومت تیل کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کے لیئے ناقابل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کے لیئے ناقابل برداشت معاشی حالات پیدا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں بے دریغ اضافہ آبادی کے نچلے طبقات کو بہت بری طرح سے متاثر کر رہا ہے۔ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت گذشتہ کئی ماہ سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتی رہی ہے اور حکومت کی جانب سے عوام پر پھینکے گئے آخری پٹرول بم سے اس کے عزائم عیاں ہیں کہ وہ عوام کو پسماندگی کو دلدل میں دھکیلنا اور نچلی سطح تک معاشی بحران پیدا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت امیروں کی حکومت اور امیروں کے لیئے ہے اور اسی لیئے امیروں کے لیئے ایمنسٹی اسکیم کا اجرا کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنا کالا دھن اور لوٹی ہوئے دولت کو سفید کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ غریب لوگوں پر مبنی قوم کی اکثریت کو مہنگائی اور مایوسی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دے اور غریبون کو لوٹ رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی خاموش نہیں رہ سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام آئںدہ انتخابات میں اس پر کیئے گئے تمام مظالم اور بے رحمی کا انتقام پاناما لیگ سے لے گی۔