Live Updates

مینارِ پاکستان میں ہونے والے تحریک انصاف کے کامیاب جلسے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں، الیاس شیخ

منگل 1 مئی 2018 20:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ نے کہا ہے کہ لاہور میں مینارِ پاکستان میں ہونے والے تحریک انصاف کے کامیاب جلسے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ یہ تو تحریک انصاف کی انتخابی مہم کاآغازہے ، شریف خاندان کے درباری تحریک انصاف کی مقبولیت اور عوامی طاقت سے خوفزدہ ہوچکے ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر اُبھرے گی اور ملک کے اگلے وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔ ملک میں جب انصاف کا سورج طلوع ہوگا تو شریفوں اور زرداریوں کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی اور ان چوروں اور بدعنوانوں سے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے کارکنان اپنے اپنے حلقوں میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا گیارہ نکاتی ایجنڈہ گلی گلی اور گھر گھر پہنچانے کا اہتمام کریں۔ پاکستانی قوم ان کرپٹ ،نااہل حکمرانوں اور سیاسی مافیا سے بے زار ہوچکے ہیں۔ غریبوں کی نظریں اس وقت پاکستان تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان پر لگی ہوئی ہیں۔ ان کا مستقبل پاکستان تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان سے وابستہ ہے۔ ظلم اور ناانصافی کی طویل سیاہ راتیں ختم ہونے والی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات