مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر راولپنڈی میں ریلیوں اور تقریبات کا اہتمام

منگل 1 مئی 2018 21:14

راولپنڈی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف تنظیموں نے ریلیاں نکالیں اور مختلف تقریبات منعقد کیں۔ یوم مئی کے حوالے سے آئل ٹینکرز ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت راجہ سعید جنجوعہ اور ملک سرفراز نے کی۔ اس موقع پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا۔

اسی طرح مری بروری ورکرز یونین نے بھی مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت سید نذر حسین شاہ اور چوہدری سلیم نے کی۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے رہنما غلام علی خان نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل پریس کلب راولپنڈی کیمپ میں پاکستان ورکر فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں مزدوروں کے حقوق سلب کئے گئے، مل مالکان مزدور کے خون پر اپنے محلات تعمیر کرتے ہیں، شاہانہ زندگی بسر کرتے ہیں لیکن وہ نہ کچھ مزدور کو دیتے ہیں اور نہ ہی خزانے کو ٹیکس دیتے ہیں، اس لوٹ مار کے نظام کو بدلنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ورکر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اکرم بندہ،جاوید بلوچ، ظفراللہ نیازی،قاضی نعیم قریشی، عوامی ورکر پارٹی کے ملک خالد عبداللہ، عوامی تحریک کے ملک طاہر جاوید، بابر مصطفوی اور دیگر مزدور رہنماء شریک تھے۔آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بھی کنونشن منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر ایم اے ہارون شیخ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں، مزدوروں کے حقوق کیلئے لازوال قربانیاں پیش کیںکسی بھی ملک اور معاشرے کے مزدور اور محنت کش ملک کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔

جس کی محنت پر صنعتی اور زرعی پیداوار کا دارومدار ہے۔کنونشن زیر صدارت وقار الحسن محمد اقبال قریشی منعقد ہوا ۔ اس موقع پر ملک حماد، مزدور رہنما اسماعیل بلوچ۔ عمان افضل، تسنیم عارف، دنیال خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایم اے ہارون شیخ نے کہا کہ حکومت کو چایئے کہ وہ مزدوروں کیلئے ایسی پالیسی مرتب کرے جس سے ان کے مسائل حل ہوں اور انھیں معاشرے میں مقام مل سکے۔