شیعہ علماء کونسل کاکوئٹہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 4۔ مئی کو یوم احتجاج کے طور پر منانے کا اعلان

کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ تشویشناک ہے، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے، علامہ عارف واحدی

منگل مئی 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2018ء) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پا کستان نے کوئٹہ میں جاری دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 4۔ مئی جمعتہ المبارک کو یوم احتجاج کے طورپر منانے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کی کال دیدی۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ تشویشنا ک ہے، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے۔

4۔ مئی کو ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کی اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرانے کے ساتھ ساتھ احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ پرامن حالات کے بعد اب دوبارہ دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں اور مذموم کارروائیوں کے ذریعے مکتب تشیع اور خصوصاً ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا جارہاہے ، کوئٹہ میں حالیہ واقعات کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی خاص اقدام نہیں اٹھایاگیا۔

(جاری ہے)

ایسا لگتاہے کہ جیسے صوبہ بلوچستان میں آئین و قانون اور انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، دہشت گردوں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے اور صوبہ بلوچستان میں امن وامان کو یقینی بنانے اور خصوصاً عوا م کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔