ایم ایم اے کا 13 مئی کو لاہور میں جلسہ گیم چینجر ثابت ہو گا۔،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

جعلی دینی اتحاد کھڑے کر کے متحدہ مجلس عمل کو غیر موثر نہیں بنایا جا سکتا 2 مئی کو ملک بھر سے دینی کارکنان اسلام آباد میں جمع ہو کر نظام مصطفے کی جدوجہد تیز تر کرنے کا حلف اٹھائیں گے۔ ایم ایم اے کا کاروان نظام مصطفے چل پڑا ہے،ترجمان ایم ایم اے

منگل 1 مئی 2018 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا 13 مئی کو لاہور میں ہونے والا جلسہ گیم چینجر ثابت ہو گا۔ جعلی دینی اتحاد کھڑے کر کے متحدہ مجلس عمل کو غیر موثر نہیں بنایا جا سکتا۔ 2 مئی کو ملک بھر سے دینی کارکنان اسلام آباد میں جمع ہو کر نظام مصطفے کی جدوجہد تیز تر کرنے کا حلف اٹھائیں گے۔

ایم ایم اے کا کاروان نظام مصطفے چل پڑا ہے۔ اسلام سے والہانہ محبت کرنے والے اہل حق بیدار، منظم اور متحرک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں ناچ گانے کا کلچر نہیں چلنے دیں گے۔ تبدیلی کی علمبردار جماعت فصلی بٹیروں اور لوٹوں کی آماجگاہ بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

اوپر سے آرڈر لینے والے سیاست کاروں نے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ سول بالادستی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

سیاست سیاستدانوں کے ہاتھ سے نہیں نکلنی چایئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ کرپٹ افراد کو دائیں بائیں کھڑا کر کے کرپشن کے خلاف باتیں کرنا منافقت ہے۔ متحدہ مجلس عمل تمام مکاتب فکر کی بڑی دینی جماعتوں کا نمائندہ اتحاد ہے۔ ملک بھر میں ایم ایم اے کی تنظیم سازی مکمل ہو چکی ہے۔

شاہ اویس نورانی نے کہا کہ پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر سنگین خطرات درپیش ہیں۔ اس وقت ملک کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ایم ایم اے قوم کو متحد کر کے لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ کرے گی۔ نگران حکومت کو طول دینے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بروقت انتخابات کا انعقاد قوم کی متفقہ آواز ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے۔ نظام مصطفے ہی قوم کو مسائل سے نجات دلا سکتا ہے۔