ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی یوم شہدائے شکاگو جوش وخروش سے منایاگیا

منگل 1 مئی 2018 21:32

ملتان۔یکم مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی 1886ء میںاپنی جانیں قربان کرکے ہزاروں مزدوروں کے حقوق کاتحفظ کرنے والے شہدائے شکاگوکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عالمی لیبر ڈے جوش وخروش سے منایاگیا۔اس موقع پر ٹریڈ یونینز کی جانب سے کئی ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مزدوروں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے مختلف یوننیز اور ایسوسی ایشنز کی طرف سے سیمینار بھی منعقد کیے گئے۔

جن یونینز نے ریلیاں نکالیں ان میں آل پاکستان ورکرز اتحاد فیڈریشن،نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن،وومن ورکرز فیڈریشن ، اتحاد یونین کالونی ٹیکسٹائل ملز،امن پنجاب رکشہ یونین، پاکستان ریلوے لیبر یونین، عوامی ورکرز پارٹی، پاکستان نیشنل ٹیکسٹائل لیدر گارمنٹس اینڈ جنرل ورکرز فیڈریشن،ریلوے ورکرز یونین اور دیگر مزدوریونینز کی طرف سے نکالی گئی ریلیوں کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنمائوں نے کہاکہ شکاگو کے شہید مزدوروں کو آج لیبر ڈے کے موقع پرہم سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکم مئی 1886ء کو امریکا کے شہر شکاگو کے مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کئے جانے والے استحصال کے خلاف سڑکوں پر نکلے تو پولیس نے اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے والے پرامن جلوس پر فائرنگ کر کے سینکڑوں مزدوروں کو ہلاک اور زخمی کر دیاجبکہ درجنوں کو حق کی آّواز بلند کرنے کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا لیکن یہ تحریک ختم ہونے کے بجائے دنیا بھر میں پھیلتی چلی گئی جو آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم مزدور ہر سال مزدوروں کی انتھک محنت کی یاد میں منایا جاتا ہے، یہ دن ہمیں ایک موقع دیتا ہے کہ ہم مزدوروں کی ان کاوشوں کو یاد کر سکیں جو انہوں نے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کیلئے کی ہیں۔مزدوررہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بانڈڈ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے علاوہ کنٹریکٹ سسٹم، 10سے 12گھنٹے کی ڈیوٹی جیسے اقدامات کوختم کرے اورمزدور کی اجرت میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے حقوق کے لیے قومی لیبر پالیسی متعارف کرائی جائے۔دریں اثناء پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنمائوں سردار عابد فرید بزدار ،راناالطاف حسین اورطاہر وڑائچ نے کہاکہ مزدوروں کا عالمی دن منانے کی بجائے مزدوروں کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔موم بتی مافیا اوراین جی اوز آج صرف زبانی جمع خرچ پر مزدوروں کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں لیبر ایکٹ تو موجودہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ایکٹ پر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔