ٹھٹھہ، جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر پر حملے کے خلاف کارکنوں کا احتجاج

کراچی میں واقع جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے مرکزی دفتر پر حملے اور کارکنان پر تشدد کے خلاف جماعت ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے مولانا عبدالحمید شورو، عبداللہ آدم گندرو، شیرخان سموں، عبدالکریم بروہی و دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی

منگل 1 مئی 2018 21:35

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر پر حملے کے خلاف کارکنوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے مرکزی دفتر پر حملے اور کارکنان پر تشدد کے خلاف جماعت ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے مولانا عبدالحمید شورو، عبداللہ آدم گندرو، شیرخان سموں، عبدالکریم بروہی و دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحمید شورو، عبداللہ آدم گندرو و دیگر نے کہا متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جماعت اسلامی سندھ کے دفتر پر حملے اور کارکنان پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، دفتر پر حملہ پوری پارٹی پر حملہ ہے ایم کیو ایم جماعت اسلامی کی بڑھتی ہوئی سیاسی قوت دیکھ کر پریشانی اور خوف کا شکار ہے، 2018 کے انتخابات سے روکنے کے لیے وہ اس طرح کے حملوں اور دھونس دھمکیوں پر اتر آئی ہے جوکہ ناقابل برداشت عمل ہے، ایم کیو ایم پاکستان اور اسلام دشمن تنظیم ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایم کیو ایم کے غنڈوں کو فوری گرفتار کرے بصورت دیگر تمام سٹی ہیڈکوارٹرز میں دھرنے دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مزدوروں سے یکجہتی کا بھی اظہار کیا جبکہ لاڑکانہ میں زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کی گئی صائمہ جروار کے قاتلوں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔