سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ڈینٹر پینٹر کالونی میں محنت کشوں کا جلسہ

منگل 1 مئی 2018 21:35

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ڈینٹر پینٹر کالونی میں محنت کشوں کا جلسہ منعقد کیا گیا، جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر استاد تاج محمد شیخ نے کی جبکہ شفیق آرائیں، اصغر علی بھٹی، دوست محمد جاگیرانی، نثار راجپوت سمیت عہدیداران اور محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے استاد تاج شیخ، شفیق آرائیں و دیگر نے کہاکہ 1886ء میں شکاگو کے محنت کشوں نے ظالم اور جابر حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کی، اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آنیوالے والے زمانوں کے مزدوروں کے لیے آٹھ گھنٹے اوقات کار اور دیگر سہولیات کا حصول ممکن بنایا تھا۔ محنت کشوں کی اس جدوجہد میں استحصالی قوتوں کے خلاف مزدور ہر اول دستہ ثابت ہوئے۔

(جاری ہے)

اسی لیے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر میں یوم مئی محنت کشوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔لیکن بدقسمتی سے قیام پاکستان سے لے کر آج تک محنت کشوں کی حالت نہیں بدلی۔ یہاں وہی آٹھ گھنٹے سے زیادہ مشقت لی جاتی ہے، سولہ، سولہ گھنٹے مشقت کے بعد بھی معاوضہ انھیں اتنا ملتا ہے کہ وہ دو وقت کی روٹی بمشکل کھا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال صرف اس دن مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے دنیا بھر میں آواز بلند کی جاتی ہے۔

جسے سننے والے تو سب ہوتے ہیں، مگر ان کے حقوق کی جنگ لڑنا والا کوئی ہوتا، ہر سال اس دن مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے بڑے بڑے دعوے کیئے جاتے ہیں مگر عملی طور پر اس کے ثمرات کبھی بھی مزدور طبقے تک نہیں پہنچ سکے۔ مزے کی بات یہ کہ اس دن عام تعطیل کی وجہ سے سب ہی اپنے اپنے گھروں میں چین کی نیند لیتے ہیں سوائے مزدورں کے۔ انہوں نے کہاکہ ہم مزدوروں کے استحصال کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں اور مزدوروں کو ان کے حقوق دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

متعلقہ عنوان :