کراچی، موجودہ سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو لاوارث ، پورے صوبہ کوکچراکنڈی و کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے،مولانا راشد محمود سومرو

ایم ایم اے سندھ میں سیکولر و جاگیرداروں کا انتخابات میں بھر پور مقابلہ کرے گی،رمضان سے قبل حیدر آباد میں جنرل کونسل کنونشن ،رمضان شریف میں ہر ضلعی سطح پر بھر پور افطار پارٹی ،رمضان شریف کے بعد کراچی میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا ،صدر متحدہ مجلس عمل سندھ

منگل 1 مئی 2018 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد محمود سومرو نے سندھ میں رابطہ عوام مہم شروع کر نے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ موجودہ سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو لاوارث اورکراچی سمیت پورے صوبہ کوکچراکنڈی و کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے۔ ایم ایم اے سندھ میں سیکولر و جاگیرداروں کا انتخابات میں بھر پور مقابلہ کرے گی ۔

رمضان سے قبل حیدر آباد میں جنرل کونسل کنونشن ،رمضان شریف میں ہر ضلعی سطح پر بھر پور افطار پارٹی ،رمضان شریف کے بعد کراچی میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔جس سے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے ۔متحدہ مجلس عمل کی صادق و امین قیادت ہی عوام کے دکھوں کا مداوا اور سندھ کو خوشحالی کی طرف گامزن کر ے گی ۔

(جاری ہے)

عوام اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں متحدہ مجلس عمل سندھ کی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس مو قع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،جنرل سیکریٹری ناظر عباس نقوی،ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد اسلم غوری ،حلیم غوری ،سیکریٹری اطلاعات مجاہد چناء ،قاری محمد عثمان جبکہ افضل سر دار کراچی نو منتخب صدر حافظ نعیم الرحمن ،جنرل سیکریٹری مستقیم نورانی ،محمد حسین محنتی ،مسلم پرویز اور کراچی کے سیکریٹری اطلاعات اشرف قریشی نے خصوصی دعوت پر شر کت کی ۔

قبل ازیں صوبائی رہنما محمد اسلم غوری نے آٹھ دنوں میںکراچی تا کشمور سندھ کے 22اضلاع میں ہو نے والی ضلعی تنظیم سازی مکمل ہو نے پر رپورٹ پیش کی ۔جس پر تمام قائدین نے اطمینان کا اظہار کیا ۔مولا نا راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل سندھ کو حقیقی معنوں میں باب الاسلام بنائے گی اور پوری قوم کو یکجا اور متحد کر کے ملک اورقوم کے خلاف بیرونی قوتوں اور لبرل اور سیکولر عناصر کی سازشوں ،لسانی و علاقائی بنیادوں پر تقسیم اور دوریاں ختم کر کے قومی وحدت اور مذہبی رواداری و ہم آہنگی اور اخوت و محبت کو عام کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی تمام اقلیتوں کو بھی مکمل تحفظ اور حقوق فراہم کر یں گے اور اس حوالے سے پاکستان کو بد نام کر نے والوں کے مذموم مقاصد کو کبھی پورا نہیں ہو نے دیں گے ۔سندھ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ ایم ایم اے پاکستان میں تمام مسالک کا ایک گلدستہ ہے ۔عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کو ناکام اور ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺکے نفاذ کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے ۔

ہم پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف اور اخلاقی و مالی کرپشن کے خلاف جدو جہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زنا بالرضا کی راہ میں رکاوٹ سمیت تحفظ ِ ناموس رسالت ؐ کے قانون کو ختم کر نے کے لیے اقوام متحدہ سمیت استعماری قوتوں کا مطالبہ دنیا پراپنا نیو ورلڈ آرڈرقائم کر نا ہے ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما افضل سردار نے کہا کہ ایم ایم اے کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی و رواداری قائم کر کے ملک امن کا گہواراہ اور ایک پا کیزہ معاشرہ قائم کریں گے ۔#