Live Updates

چاغی،پی ٹی آئی کا تفتان میں پاک ایران تجارتی گیٹ کی بلاوجہ طویل بندش کی مذمت

ایرانی حکام نے زیروپوائنٹ گیٹ بند کرکے ہزاروں مزدوروں اور سینکڑوں تاجروں کا معاشی قتل کررکھا ہے،ملک امان اللہ نوتیزئی زیروپوائنٹ کو جلدنہ کھولا گیا تو وسیع بنیاد پر احتجاج کریں گئے ، ضلعی صدر پی ٹی آئی

منگل 1 مئی 2018 21:41

چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف چاغی کے ضلعی صدر ملک امان اللہ نوتیزئی ، سینئر نائب صدر اسماعیل خان محمد حسنی، نائب صدور ذاکر بلوچ، میر عطاء اللہ مینگل، محمد رضا ایجباڑی، جنرل سیکرٹری عبدالمالک برہانزئی،پریس سیکرٹری محمد آصف برہانزئی نے تفتان میں پاک ایران تجارتی گیٹ زیروپوائنٹ کی بلاوجہ طویل بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکام نے زیروپوائنٹ گیٹ بند کرکے ہزاروں پاکستانی مزدوروں اور سینکڑوں تاجروں کا معاشی قتل کررکھا ہے جن میں اکثر کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں۔

انہوںنے اس سلسلے میں پاکستانی حکام کی عدم دلچسپی اور بے بسی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زیروپوائنٹ کی بندش کا مسئلہ واہگہ اور چمن بارڈر کی بندش جیسا اہم ہے لیکن افسوس کہ میڈیا اور حکومت نے اس اہم ایشو کو پچھلے تین ماہ سے نظر انداز کرر کھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ زیروپوائنٹ کی بندش دو طرفہ سرحدی معاہدے کی سراسر خلاف ورزی ہے جس کی وجہ سے تفتان کی رونقیں اند پڑگئیں جبکہ سرحدی اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے ۔

انہوںنے زیروپوائنٹ گیٹ کی بندش کے خلاف مزدوروں اور تاجروں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس معاملے متاثرہ مزدوروں اور تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی کہ ایرانی حکام کی ہٹ دھرمی اور پاکستانی حکام کی غفلت کی سزا زیروپوائنٹ کی بندش کی صورت میں غریب مزدوروں کو دی جائے۔انہوںنے کہا کہ اگر زیروپوائنٹ کو جلد از جلد نہیں کھولا گیا تو پاکستان تحریک انصاف اس مسئلے کو لے کر وسیع بنیاد پر احتجاج کرے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات