موجودہ نظام مزدور اور محنت کش کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکاہے ،سینیٹر سراج الحق

کسانوں کی محنت کا پھل جاگیردار اور وڈیرے کھاتے ہیں، ظلم و جبر اور استحصال پر مبنی نظام نے سترسال میں مزدوروں اور کسانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا ،امیرجماعت اسلامی کا مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی پروگرام سے خطاب

منگل 1 مئی 2018 21:41

موجودہ نظام مزدور اور محنت کش کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکاہے ،سینیٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ نظام مزدور اور محنت کش کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکاہے ۔ ظلم و جبر اور استحصال پر مبنی نظام نے سترسال میں مزدوروں اور کسانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا ، کسانوں کی محنت کا پھل جاگیردار اور وڈیرے کھاتے ہیں اور مزدوروں کے خون پسینے کی کمائی پر سرمایہ دار عیش کر رہاہے ۔

سرمایہ داروں کے کارخانے اور فیکٹریاں بڑھتے رہے جبکہ مزدور کے گھر کا چولہا بھی بجھ گیا ۔ جس معاشرے میں مزدور کی عزت نہ ہو ، وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ اسلام نے محنت کشوں کو اللہ کا دوست قرار دیااور حضور ؐ نے مزدور کے ہاتھوں کو بوسہ دے کر فرمایا کہ حلال روزی کمانے والے ہاتھوں کو جہنم کی آگ نہیں چھوئے گی ۔

(جاری ہے)

حکومت کو ریلوے مزدوروں کا احسان مند ہوناچاہیے کہ انہوںنے محنت و مشقت سے ریلوے کے پہیے کو دوبارہ چلادیا ہے ۔

نااہل حکمرانوں نے دنیا کی بہترین ایئر لائن پی آئی اے اور ریلوے کو تباہ کر دیاتھا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ریلوے واشنگ لائن لاہور میں مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پروگرام سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر رانا محمود علی ، صدر پریم یونین و سیکرٹری جنرل لیبر فیڈریشن حافظ سلمان بٹ ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصرشریف بھی موجودتھے ۔

قبل ازیں سراج الحق نے ریلوے مزدوروں کے ساتھ واشنگ لائن میں عملاً کام میں حصہ بھی لیا ۔ بعدازاں سراج الحق نے مزدوروں اور قلیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا ۔ اس سے قبل سراج الحق نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر منصورہ میں مرکزی دفاتر کے سٹاف اور صفائی و سیکورٹی کے عملہ کے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کیا اور فرداً فرداً ان کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات دیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ظلم و جبر کا یہ استحصالی نظام مسلط ہے ، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ مزدور سالانہ بیس ارب ڈالر کا زر مبادلہ کما کر پاکستان بھیجتے ہیں اور یہاں بیٹھے کرپٹ حکمران وہی دولت چوری کر کے بیرونی بنکوں میں منتقل کر دیتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جب ریل چلتی تھی تو ہر طرف ریل پیل تھی اور ریلوے مزدور بھی خوشحال تھا لیکن جب حکمرانوں نے اس قومی ادارے کو اپنی من مانیوں کا مرکز بنالیا تو نہ صرف ریل کا پہیہ رک گیا بلکہ ریلوے ملازمین کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہوگئے اور پھر حکمرانوں نے ان مزدوروں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ۔

انہوںنے کہاکہ مزدور کے بچوں کے لیے تعلیم کا کوئی انتظام ہے نہ اسے علاج کی سہولت ملتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر مزدوروں کو کارخانوں اور فیکٹریوں اور کسانوں کو کھیتوں کی پیداوار میں شامل کرے گی ۔ حکمران اپنا علاج بیرون ملک کراتے ہیں اس لیے انہیں تباہ حال ہسپتالوں سے کوئی سروکار نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم مزدوروں سے بہت محبت کرتے تھے انہوںنے غزوہ خندق کے موقع پر خندق کھودنے میں مزدوروں کی طرح کام کیا اسی لیے ہم سمجھتے ہیں کہ مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اصل دن غزوہ خندق کا دن ہے ۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ مزدروں کی فلاح و بہبود کے لیے حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا ۔ حکمران مزدوروں کی ترقی اور خوشحالی کی باتیں تو بہت کرتے ہیں مگر حقیقی معنوں میں مزدوروں کی اگر کوئی جماعت ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے جس کے قائد جناب سراج الحق مزدوروں کے ساتھ موجود ہیں ۔ اب وقت آگیاہے کہ ملک کا مزدور طبقہ چوروں اور لٹیروں کے چنگل سے نکل کر ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔