لاڑکانہ میں مزدوروں کا عالمی دن روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

منگل 1 مئی 2018 21:49

لاڑکانہ ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) لاڑکانہ میں مزدوروں کا عالمی دن روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مختلف محنت کش اور سماجی تنظیموں کی جانب سے شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مزدور رہنماؤں اور مزدوروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی، وطن دوست مزدور فیڈریشن، پیپلز پارٹی لیبر بیورو، ہائی ویز ایمپلائیز یونین، سندھ ایریگیشن ٹریڈ یونین، فیڈریشن آف ٹریڈ یونین لاڑکانہ سمیت دیگر محنت کش تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ وطن دوست مزدور فیڈریشن، واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین، ہائی ویز ایمپلائیز یونین اور دیگر تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار احمد شیخ، محمود پٹھان، خالد سومرو، خالد چانڈیو، عزیز عباسی، بخت سولنگی، رئوف عباسی، عبدالقادر ملگانی، منظور اھیر اور دیگر نے کہا کہ شکاگو کے شہیدوں کو ان کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، ملک میں لیبر قوانین پر عمل درآمد کر کے مزدوروں کو جائز حقوق دیئے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی اجرت میں سو فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ ان کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔