ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم مزدور منایا گیا

منگل 1 مئی 2018 23:24

کراچی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مزدورں کا عالمی دن منایا گیا۔ اس حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں شکاگو کے مزدوروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) سیمت دیگر سیاسی، سماجی اور مزدور تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اس سلسلے میں مرکزی تقریب وزیر اعلی ہائوس میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پہلے وزیراعظم تھے جنہوں نے مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے جامع پالیسی دی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنا کر محنت کشوں کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور مستقبل میں اس سلسلے میں مزید کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبرونگ سندھ کی جانب سے بھی یوم مئی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیبر ونگ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان، ڈپٹی سیکرٹری صابر شاہ، ڈاکٹر اکرم ملک، ارشد شاہ اور محبوب الہی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محنت کش طبقے کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں اور یہ اس کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے حالات کار میں بہتری لائے بغیر ترقی ممکن نہیں، مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے وفاق اور پنجاب میں مزدوروں کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لئے مختلف سہولیات اور مراعاتی پیکیج دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تاجر دوست پالیسی کے باعث پاکستان میں صنعتیں فروغ پا رہی ہیں جس سے مزدور طبقے کے لیے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں لیبر یونینوں نے محنت کشوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد بھی کیا۔