پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ’’ووٹ کوعزت دو‘‘کے نعرے کا مطلب عوام کو سمجھ آگیا ہے‘ ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کو ختم کیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کا ساہیوال میں جلسہ سے خطاب

بدھ مئی 01:30

ساہیوال ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ’’ووٹ کوعزت دو‘‘کے نعرے کا مطلب عوام کو سمجھ آگیا ہے‘ ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کو ختم کیا۔ منگل کو ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قوم کی عزت اور توقیر پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا‘ عزت ، خودمختاری اور توقیر زیادہ عزیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی میں امن قائم کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ((سی پیک)) لائے لیکن یہ اچھے بھلے روشن پاکستان کو پھر پیچھے دھکیل رہے ہیں اور پاکستان کو انہوں نے پیچھے دھکیلنے کیلئے پورا زور لگادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی بِک گیا اس نے سودا کرلیا ہے، پی ٹی آئی کے ارکان نے سینیٹ الیکشن میں لائن لگا کر پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا جب کہ یہ اندرون خانہ ملے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لاہور کے جلسہ کا آج کے جلسہ سے کوئی مقابلہ نہیں ہے‘ عمران خان کا لاہور کا جلسہ میں لوگ پشاور کے تھے اور ایجنڈا کسی اور کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کون سا نیا پاکستان بن رہا ہے ، پشاور سمیت پورے خیبرپختونخوا کا برا حال ہے، عمران خان سے پوچھو خیبرپختونخوا میں کونسی لوڈشیڈنگ ختم کی بلکہ پورے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا سہرا بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سرجاتا ہے۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہر الیکشن میں عمران خان کا کردار مہمان اداکار کا ہوتا ہے اور ان کی قسمت میں صرف استعمال ہونا ہی لکھا ہے۔۔مریم نواز نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ اکٹھا کرکے لاہور لاتے ہیں کہ وہ ان کی بات سنیں لیکن لاہور کے لوگوں نے بات سننے سے انکار کردیا کیوں کہ وہ جان گئے ہیں کہ تمہاری حیثیت ایک مہرے سے زیادہ کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی طرح کروڑوں روپیہ بہایا گیا اور لوگوں کو ٹکٹ کا لالچ دے کر بسیں بھروائی گئیں جس کے باوجود خالی بسیں مینار پاکستانآئیں کیوں کہ خیبر پختونخوا سے آئی بسیں بھری ہوتیں تو مینار پاکستان بھی بھرا ہوتا۔۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف جہاں جاتے ہیں وہاں کے لوگ موجود ہوتے ہیں اور انہیں ضرورت نہیں کہ لوگ بھر بھر کر لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیسہ بہا کر لوگوں کو پشاور سے لانا تھا تو پشاور میں ہی جلسہ کرلیتے لیکن پشاور سے آئے لوگوں نے خود لاہور کی ترقی اپنی آنکھوں سے دیکھ لی۔اس موقع پر پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان‘ سابق سینٹر پرویز رشید‘ رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف‘ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران‘ پیر سید عمران احمد شاہ سمیت پاکستان مسلم لیگ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔