مراکش کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے، سعودی عرب، بحرین

ْایران کی افریقی عرب ملک میں مداخلت کی شدید مذمت، تعاون جاری رکھا جائے گا،الگ، الگ بیانات

بدھ 2 مئی 2018 11:47

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) سعودی عرب اور بحرین نے ایران کی طرف سے افریقی ملک مراکش کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور علاحدگی پسند گروپ کی مدد کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں خلیجی ملکوں نے مراکش کی سلامتی، استحکام اور سالمیت کے لیے ہر طرح کا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جرمن ریڈیو کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مملکت مراکش کی سلامتی اور وحدت کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے رباط کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عہدیدار نے ایران کی طرف سے مراکش میں مداخلت اور علیحدگی پسند گروپ بولیسارو کے ارکان کو حزب اللہ کی طرف سے تربیت فراہم کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ادھر خلیجی ریاست بحرین نے بھی مراکش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران نہ صرف مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے بلکہ تہران کی طرف سے افریقی ممالک بھی محفوظ نہیں ہیں۔ایران کی طرف سے مراکش کی سلامتی کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے رباط کے ساتھ ہرممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔