قومی ٹیم میں جگہ بنانی ہے تو آئی پی ایل فوری چھوڑکرآﺅ،مالنگاکوآخری وارننگ جاری

بدھ 2 مئی 2018 11:41

قومی ٹیم میں جگہ بنانی ہے تو آئی پی ایل فوری چھوڑکرآﺅ،مالنگاکوآخری ..
کولمبو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 مئی 2018ء) انڈین پریمیئرلیگ(آئی پی ایل ) سری لنکن فاسٹ باﺅلرلاستھ مالنگا کے انٹرنیشنل کیریئر کیلئے خطرہ بن گئی ، وہ کھلاڑی کی بجائے باﺅلنگ مینٹور کے طور پر ممبئی انڈینز کے ساتھ کام کررہے ہیں اور سری لنکن کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ ان کے اس نئے رول سے خوش نہیں ہے ۔سری لنکن سلیکٹرزنے لاستھ مالنگاکو خبردارکیاہے کہ وہ ممبئی انڈینزکےلئے بطوباﺅلنگ مینٹور کام کرکے صرف اپنا وقت ضائع کررہے ہیں،اگر انہیں دوبارہ سری لنکن ٹیم میں جگہ بنانی ہے تو ڈومیسٹک میچوں میں حصہ لینا چاہیے۔

34 سالہ فاسٹ باﺅلر نے آخری بار سری لنکن ٹیم کی نمائندگی7ماہ قبل کی تھی۔آئی پی ایل2018ءمیں مالنگاکو بطور کھلاڑی کسی فرنچائزڈ نے منتخب نہیں کیاتاہم بعدازاں ممبئی انڈینز نے انہیں بطور باﺅلنگ مینٹور اپنے ساتھ منسلک کیا۔

(جاری ہے)

سری لنکا کرکٹ کے صدر تھلنگا سماتھی پالا نے واضح کیا ہے کہ اگر لاستھ مالنگا ڈومیسٹک میچز نہیں کھیلتے تو سلیکٹرزکو ان کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنا ہوگا، ہم مالنگاکا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں بخوبی استعمال کرسکتے ہیں ،اگر وہ آئی پی ایل میں بطور کھلاڑی کھیل رہے ہوتے تو ہمیں کوئی فکر نہیں تھی لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ وہاں کھیلنے کے بجائے بنچ پر بیٹھ کر میچز دیکھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ انجری سے واپسی کے بعد سری لنکن ٹیم میں جگہ پانے والے لیستھ مالنگا کی فارم خاصی خراب رہی ہے جواس دوران 13ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 62کی اوسط سے صرف 10وکٹیں لے سکے ہیں۔