بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے،کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جوانیاںقربان کر رہے، سید علی گیلانی

بدھ 2 مئی 2018 11:52

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاںقربان کر رہے ہیں لہذا یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک ہر قیمت پر جاری رکھیں۔ انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پیر کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں سمیر احمد بٹ، عاقب احمد وانی اور شاہد احمد بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے شہید سمیر احمد کی نماز جنازہ کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم اور مقدس مقصد کیلئے اپنی جانیں لٹانے والے مرتے نہیں بلکہ شہادت کا عظیم درجہ پا لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین طاقت کے خلاف وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حیوانیت سے تعبیر کیا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے بھارت نوازرہنما کشمیریوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں لہذا ملازمت ، سڑک ، پانی ، بجلی اور دیگر حقیر مراعات کے عوض ہر گز ان لوگوں کو ووٹ نہیں ڈالنے چاہئیں اور خواہ پارلیمانی انتخابات ہوں ، پنچائتی یا پھر نام نہاد اسمبلی انتخابات ہوں ہمیںتمام انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نام نہاد انتخابات کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی بھی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری اسکے ساتھ خوش ہیں اوروہ آزادی کی کوئی تحریک نہیں چلا رہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نواز رہنمائوںکو صرف اقتدار اور حقیر مفادات کی لالچ ہے اور انہوں نے اپنا سب کچھ دہلی کے ہاتھوں فروخت کیا ہے ۔سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے 1947ء میں جموںوکشمیر پر جبر ی طورپر قبضہ جما لیا اور اس نے کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے قتل وغارت گری، مار دھاڑ اور ظلم وستم کا بازار گرم کررکھا ہے۔

انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتحاد کو مزید فروغ دیں۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے آزادی پسند راہنماؤں اور کارکنوں محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، غلام احمد گلزار، آغا سید حسن الموصوی الصفوی، بلال احمد صدیقی، محمد اشرف لایہ، عمر عادل ڈار، سید امتیاز حیدر اور دیگر کو گھروں اور تھانوں میں نظر بند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ہرطرف خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔

کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لئے گئے ہیں اور مقبوضہ علاقے کے چپے چپے پر جاری بھارتی چیرہ دستوں کے باعث یہاں کا ہر باشندہ کراہ رہا ہے۔ بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔