لبریشن فرنٹ ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جماعت اسلامی کی طرف سے شہدائے پلوامہ کو زبردست خراج عقیدت

بدھ 2 مئی 2018 12:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اورجماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے وفود شہید کشمیری نوجوانوں سمیر احمد بٹ ، عاقب احمد اور شاہد اشرف ڈار کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام ، راج پورہ اور آری ہل گئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے ان نوجوانوں کو پیر کے روز ضلع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کر کے شہید کردیاتھا۔

وفود کے اراکین نے شہید نوجوانوںکی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی ۔ لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ پارٹی وفد نے پلوامہ میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور متاثرہ خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا ایک وفد بھی دربگام گیا اور شہید نوجوان سمیر احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اورسمیر کے والدین سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کاایک وفد ایک اور شہید نوجوان عاقب احمد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے راج پورہ بھی گیا ۔ بعدا زاں وفد آری ہل گائوں گیا اور کرکٹ اسٹار شاہد ڈار کے والدین سے ملاقات کی ۔ تینوں نوجوانوں کو بھارتی فوجیوںنے پیر کو اندھا دھند فائرنگ کر کے شہیدکردیا تھا ۔دریں اثناء جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کا ایک وفد بھی شہیدنوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے دربگام، راجپورہ اور آری ہل گیا۔

وفد نے دربگام پلوامہ میں بھارتی فورسز کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔