مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے پہلے بھی عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، حاجی صالح محمد خان

بدھ 2 مئی 2018 12:44

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) رکن صوبائی اسمبلی حاجی صالح محمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ان کا اوڑھنا بچھونا ہے، مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے وہ پہلے بھی عوام کی خدمت کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر لے جانے کا عزم کر رکھا ہے اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ سی پیک جیسا بڑا منصوبہ ان کے ہاتھوں جاری و ساری ہے جو ملک کی تقدیر بدل دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑے شہروں میں موٹر وے کی تعمیر کے بعد ہزارہ موٹر وے اہل ہزارہ کیلئے میگا پراجیکٹ ہے جس کی مکمل تعمیر کے بعد ہزارہ ترقی کی منازل طے کرے گا، مخالفین جتنا بھی زور لگائیں اور جھوٹے و من گھڑت پراپیگنڈہ کریں مسلم لیگ کے گراف میں کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ مسلم لیگ کا گڑھ تھا، ہے اور رہے گا۔