ملکی تاریخ کی بڑی ڈکیتی۔۔۔کرنسی ایکسچینج کی گاڑی کو لوٹ لیا گیا

بدھ 2 مئی 2018 12:55

ملکی تاریخ کی بڑی ڈکیتی۔۔۔کرنسی ایکسچینج کی گاڑی کو لوٹ لیا گیا
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) میرپور پولیس نے پاکستان کرنسی ایکسچینج کی گذشتہ روز اغواء کر کے لوٹی گئی گاڑی کو برآمد کر لیا، بعد ازاں گاڑی کو مانگل پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا، ڈاکوئوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ڈاکوئوں نے تھانہ مانگل کی حدود نکہ پانی کے قریب ناکہ لگا کر کرنسی ایکسچینج کی گاڑی کو عملہ سمیت اغواء کر لیا تھا۔

ڈاکوئوں نے عملہ کو چھوڑنے کے ساتھ ساتھ گاڑی بھی تھانہ میرپور کی حدود میں چھوڑ دی اور خود فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گذشتہ روز پاکستان کرنسی ایکسچینج کی بکتر بند گاڑی ایک کروڑ سے زائد رقم کی نقدی لیکر مانسہرہ سے ایبٹ آباد کی طرف آ رہی تھی کہ تھانہ مانگل کی حدود نکہ پانی کے قریب تین پک اپ گاڑیوں میں سوار ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر گاڑی کو عملہ سمیت اغواء کر لیا، ڈاکوئوں نے عملہ کے اراکین کو مختلف جگہوں پر چھوڑ دیا جبکہ بکتر بند گاڑی بھی تھانہ میرپور کے قریب سے برآمد ہو گئی جو مانگل پولیس نے بعد ازاں اپنے قبضہ میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گاڑی کے عملہ نے بتایا کہ نکہ پانی کے قریب فوجی وردیوں میں ملبوس ڈاکوئوں نے انہیں روک کر ان سے شناختی کارڈ طلب کیا، شناختی کارڈ دینے کے بعد انہوں نے انہیں زبردستی اپنے ساتھ بٹھا لیا اور گاڑی لوٹ لی۔ مانگل پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔