نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان پر غور

بدھ 2 مئی 2018 12:42

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان پر غور
ویلنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 مئی 2018ء) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے پر غور شروع کردیا ہے۔کیویز کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت کی درخواست آئی ہے جس پر غور شروع کردیا گیا ہے،دورہ پاکستان کےلئے حکومت، کھلاڑیوں اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں سے بات چیت کی جائے گی اور پی سی بی کی درخواست پر مذکورہ طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ کیویز نے سکیورٹی خدشات کے باعث 2003 ءکے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تاہم اب رواں سال نومبر میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی درخواست کی گئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز رواں سال نومبر میں شیڈول ہے جس کی میزبانی پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں کرنا ہے ،اب تک سیریز کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔