شام میں اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، ایران

بدھ 2 مئی 2018 13:06

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) ایران نے دھمکی دی ہے کہ شام میں مبینہ طور پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی جنگجوؤں کی ہلاکتوں کا مناسب وقت اور مقام پر جواب دیا جائے گا۔خبر رساں اداروں کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین علائو الدن بورجردی نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں اسرائیل کی بار بار کی جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اسرائیلی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتوار کی رات شام کے شمال میں متعدد تنصیبات پر ہونے والے فضائی حملے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ اتوار کو شمالی شمام میں اسد رجیم اور اس کے حامی گروپوں کے ٹھکانوں پر نامعلوم جنگی طیاروں کے فضائی حملوں میں ڈیڑھ درجن ایرانی جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔ایرانی عہدیدار نے شام کے صدر مقام دمشق میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ صہیونی دشمن شام میں ہمارے عسکری مشیروں پر حملے کر رہا ہے۔ حالیہ حملے کے بعد ایران خاموش نہیں رہے گا بلکہ صہیونی ریاست کے خلاف مناسب وقت اور مقام پر جواب دیا جائے گا۔