یورپی یونین کا امریکہ کے ساتھ اسٹیل اور ایلومینیم محصولات پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ

بدھ 2 مئی 2018 13:14

یورپی یونین کا امریکہ کے ساتھ اسٹیل اور ایلومینیم محصولات پر مذاکرات ..
برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) یورپی یونین نے یکم مئی کو اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کسی دھمکی کے تحت امریکہ کے ساتھ اسٹیل اور ایلومینیم پر محصولات کے حوالے سے مذاکرات نہیں کرے گی۔امریکی وائٹ ہائوس نے تیس اپریل کو ایک صدارتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ یورپی یونین ، کنیڈا اورمیکسیکوکے لیے اسٹیل اور ایلومینیم پر یکم جون تک محصولات پر چھوٹ دیگا تاکہ متعلقہ مذاکرات کے لیے مزیدوقت یعنی آخری تیس دن فراہم کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کے ممبران ممالک کیلیے اسٹیل اور ایلومینیم پر عائد محصولات پر مکمل اور مستقل چھوٹ دی جانی چاہیئے۔امریکہ کا قومی سلامتی کو بہانہ بنا کر محصولات عائد کرنا مناسب عمل نہیں ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آٹھ مارچ کو اعلان کیا تھا کہ درآمد ہونے والی اسٹیل اور ایلومینیم کی مصنوعات پر بالترتیب پچیس اور دس فیصد کے محصولات عائد کیے جائیں گے تاہم عالمی برادری نے اس فیصلے پر شدید مخالفت کا اظہار کیا۔امریکہ کے دیگر تجارتی شراکت دارو ں نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ایسے اقدام کثیرالطرفہ تجارتی نظام کے لیے خطرے کا باعث ہو نگے۔